نئی دہلی ۔ 31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شہریوں کا 344 افراد پر مشتمل پہلا بیاچ آج آئی این ایس سمترا جہاز میں سوار ہوگیا اور یہ یمن سے جیبوتی جارہا ہے۔یہاں سے ان تمام کو ذریعہ طیارہ ہندوستان لایا جائے گا۔ ہندوستان نے جنگ سے متاثرہ یمن میں پھنسے 4000 سے زائد شہریوں کے تخلیہ کیلئے بڑے پیمانہ پر مہم بھی شروع کردی ہے۔ مسٹر آف اسٹیٹ امور خارجہ وی کے سنگھ آج جیبوتی کیلئے روانہ ہوئے، یہ یمن کا پڑو سی ملک ہے اور یہاں سے ہندوستانی شہریوں کو منتقل کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر خارجہ اس کارروائی جسے ’’آپریشن راحت‘‘ کا نام دیا گیا ہے، نگرانی کیلئے روانہ ہوئے۔ اس آپریشن کے تحت 5 بحری جہاز اور 4 طیاروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ ہمارے شہریوں کے تخلیہ کا کام شروع کیا جارہا ہے۔ ایر انڈیا نے بھی دو 180 نشستی ایر بس A320 کو مسقط میں تیار رکھا ہے تاکہ صنعاء یا جیبوتی جہاں سے بھی کلیئرنس مل جائے ، ہندوستانی شہریوں کو منتقل کیا جاسکے۔ اس دوران وزیر خارجہ سشما سوراج نے مرکزی کابینہ کو ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کے اقدامات سے واقف کرایا۔