پھول باغ میں زیر تعمیر مکانات کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت

حیدرآباد۔ 18؍نومبر (سیاست نیوز)۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے ہمراہ پھول باغ کا دورہ کرتے ہوئے JNNURM کے تحت زیر تعمیر 320 مکانات کی 19 دسمبر تک تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ Arrow کنسٹرکشنس کی نگرانی میں تعمیر کئے جارہے ان مکانات کی قبل از وقت تعمیر کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ علاقہ میں صفائی کو یقینی بنانے کے بھی اقدامات کئے جائیں۔ انھوں نے اس موقع پر ان مکانات کو جنھیں الاٹ کیا گیا، ان سے بھی ملاقات کرتے ہوئے ان کے دیگر مسائل کے متعلق تفصیلات حاصل کی اور استفادہ کنندگان کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کا تیقن دیا۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ گوشہ محل حلقہ اسمبلی کے علاقہ پھول باغ میں JNNURM اسکیم کے تحت 608 مکانات کو منظوری دی گئی تھی اور اس کے لئے 1,664.96 لاکھ روپئے منظور کئے گئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ماباقی مکانات کی جنگی خطوط پر مارچ 2015ء تک تکمیل کو یقینی بنانے انجینئر اِن چیف سے خواہش کی جائے گی اور کنٹراکٹر کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ اعلیٰ عہدیداروں سے تال میل برقرار رکھتے ہوئے فوری طور پر پراجکٹ کی تکمیل پر توجہ مرکوز کریں۔ کمشنر نے استفادہ کنندگان سے خواہش کی کہ وہ فوری طور پر اپنا 10 فیصد کا حصہ جلد از جلد جمع کروادیں تاکہ تعمیری کاموں کو مزید تیز رفتار بنایا جاسکے۔