پھول ایک دوسرے سے مختلف کیوں ہوتے ہیں؟

بچو! دنیا میںسینکڑوں اقسام کے پھول ہیں ان سب کے نہ صرف رنگ مختلف ہیں بلکہ ان کی شکل و صورت بھی مختلف ہے ۔ پھر ان کے خواص بھی الگ الگ ہیں جیسے گلاب ، موتیا ، چنبیلی ، رات کی رانی ، نرگس وغیرہ ، نرگس کے پھول کے بارے میں تو کہا جاتا ہے کہ اس کی شکل انسانی آنکھ سے ملتی جلتی ہے ۔
اسی لئے خوبصورت آنکھوں کو چشم نرگس بھی کہا جاتا ہے ۔ پھول اپنی خوبصورت اور خوشبو ہی کی وجہ سے اہمیت نہیں رکھتے بلکہ پھولوں سے مختلف قسم کی دوائیں بھی بنائی جاتی ہیں جو مختلف امراض کیلئے مفید ہوتی ہیں ۔ مختلف پودوں کے مختلف پھول ، مختلف ترتیب میں اگتے ہیں ۔ کچھ پھول واحد شکل میں کھلتے ہیں یعنی ہر ڈنڈی پر ایک ہی پھول ہوتا ہے اور بعض پودوں کے پھول گچھوں کی شکل میں ہوتے ہیں ۔ اگرچہ ہر پودے کے پھول اپنی شکل و صورت میں دیگر پھولوں سے مختلف ہوتے ہیں لیکن ہر پھول کے بنیادی حصے ایک ہی طرح کے ہوتے ہیں ۔ ہر پھول کے چار بنیادی حصے ہوتے ہیں ۔ مسند گل ، پنکھڑیاں ، حامل زر ، بقچہ گل ۔