پھانسی کی سزا ‘افضل گرو ‘ اجمل قصاب کے بعد یعقوب تیسرا فرد

نئی دہلی 30 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی بم دھماکوں کے کیس میں سزا پانے والے یعقوب میمن گذشتہ چار سال میں سزائے موت پانے والے تیسرے فرد بن گئے ۔ انہیں دہشت گردی کے الزامات کا سامنا تھا ۔ یعقوب میمن کو آج ان کی 53 ویں سالگرہ کے دن ناگپور سنٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکادیا گیا ۔ میمن سے قبل پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزم محمد افضل گرو کو 9 فبروری 2013 کو تہاڑ جیل میں صبح 8 بجے پھانسی دیدی گئی تھی ۔ افضل پر پارلیمنٹ پر 2001 میں ہوئے حملہ میں ملوث رہنے کا الزام تھا ۔ انہیں سپریم کورٹ نے سزائے موت سنائی تھی ۔ افضل سے قبل ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ملزم واحد گرفتار پاکستانی بندوق بردار اجمل قصاب کو پونے کی یروڈہ جیل میں 21 نومبر 2012 کو پھانسی دی گئی تھی ۔ اجمل کی پھانسی کے عمل کو خفیہ رکھا گیا تھا ۔ آج صبح یعقوب میمن کو ناگپور سنٹرل جیل میں پھانسی دیدی گئی جبکہ لمحہ آخر تک انہیں بچانے کیلئے کوششیں ہوتی رہیں لیکن یہ ثمر آور ثابت نہ ہوسکیں۔یعقوب میمن کی آج سہ پہر ممبئی کے ماہیم علاقہ میں تدفین عمل میں آئی ۔ افضل گرو کو دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیدی گئی تھی اور ان کی میت بھی افراد خاندان کو نہیں سونپی گئی تھی ۔ ان پر پارلیمنٹ حملہ کیس میں ملوث رہنے کا الزام تھا ۔