پکوان گیس صرف سرکاری کمپنیوں کو فروخت کی جائے

ریلائینس انڈسٹری جیسے اداروں کو حکومت کی ہدایت
نئی دہلی ۔29 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ریلائینس انڈسٹری جیسی پکوان گیس پیدا کرنے والی کمپنیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی تیار کردہ پکوان گیس کو صرف مقامی طورپر سرکاری ملکیت والی آئیل کمپنیوں کو فروخت کریں اور خانگی ریٹیلرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان درآمدات کے ذریعہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے وسائل پیش کریں۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس نے اس ماہ ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دیسی طورپر تیار کردہ پکوان گیس کو صرف سرکاری ملکیت والی تیل کمپنیوں کو فروخت کیا جائے ۔ ہندوستان میں پکوان گیس کی نکاسی کی فاضل گنجائش موجود ہے ، اس کے باوجود یہاں طلب کی بنیاد پر پکوان گیس کی نکاسی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔ حکومت نے سال 2015-16 ء میں 8.7 ملین ٹنس پکوان گیس کو درآمد کیا ۔ ہندوستان میں پکوان گیس دونوں پبلک سیکٹر فرمس جیسے انڈین آئیل کارپوریشن لمیٹیڈ کے ساتھ ساتھ خانگی فرمس جیسے ریلائینس انڈسٹری لمیٹیڈ کی جانب سے نکاسی کی جاتی ہے ۔ وزارت پٹرولیم نے کہا کہ تمام مقامی گیس پیدا کرنیو الی کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ آئی او سی ، بھارت پٹرولیم اور ہندوستان پٹرولیم کو ہی اپنی گیاس فروخت کریں ۔ وزارت پٹرولیم نے مزید کہاکہ اندرون ملک گیس نکالنے والی کمپنیوں کو ایل پی جی کنٹرول آرڈر کے تحت کسی او ر کمپنی کو گیاس فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔