جمشید پور 24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت کا فوری طور پر پکوان گیس پر سبسڈی برخواست کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ پٹرولیم مسٹر دھرمیندر پردھان نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ہمارا پکوان گیس سبسڈی برخواست کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ یہ سبسڈی جاری رہے گی ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا حکومت خط غربت سے اوپر زندگی گذارنے والوں کیلئے پکوان گیس سبسڈی برخواست کرنا چاہتی ہے ؟ ۔ پردھان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ حکومت متمول افراد کیلئے گیس سبسڈی برخواست کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ دھرمیندر پردھان نے کہا کہ اس مسئلہ پر مباحث کی ضرورت ہے کہ کس کو سبسڈی ملنی چاہئے اور کس کو نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ امیر ہیں خود انہیں سوچنا چاہئے کہ سبسڈی جاری رہنی چاہئے یا نہیں اور کیا ملک کو ترقی کرنی چاہئے یا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ جھارکھنڈ میں قدرتی وسائل کا مناسب اور تجارتی استعمال کیا جائے تاکہ ریاست کے عوام کا فائدہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 10,000 کروڑ روپئے کی لگت سے روبعمل لائے جانے والے جگدیش پور ۔ ہلدیہ پائپ لائین پراجیکٹ سے ریاست کے عوام ہی کو فائدہ ہوگا ۔