سیلنڈر کا حصول دشوار کن ، آدھار کے بغیر بکنگ کرنے سے انکار
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( محمد عبدالرشید سلفی ) : پکوان گیاس صارفین کو مرکزی حکومت کی جانب سے سبسیڈی کی رقم کو بینک اکاونٹ میں راست منتقلی کے طریقہ کار عوام بالخصوص غریب گیاس صارفین کے لیے ایک درد سر ہی نہیں بلکہ وبال جان ثابت ہورہا ہے ۔ چنانچہ گیاس صارفین کو سبسیڈی کی فراہمی کے بینک اکاونٹ میں راست منتقلی کا طریقہ کار کے نتیجہ میں بالعموم شہری اور بالخصوص دیہی علاقوں کے غریب گیاس کنکشن صارفین کو بغیر سبسیڈی والے سیلنڈر کی یکمشت رقم ادا کر کے گیاس سیلنڈر کا حصول دشوار کن ثابت ہورہا ہے ۔ جس کی اہم وجہ یہ ہے کہ جب کوئی گیاس کنکشن صارف اپنے گیاس کی بکنگ کرواتا ہے تو جب ڈسٹری بیوٹر کی جانب سے صارف کے مکان کو سیلنڈر پہنچایا جاتا ہے تب غریب صافین کے پاس اس قدر خطیر رقم میسر نہ ہونے پر کئی مشکلات در پیش آرہی ہیں جب کہ اس قدر بھاری رقم کی یکمشت ادائیگی کر کے سیلنڈر حاصل کرنا غریب عوام کے لیے ایک مسئلہ بنا ہوا ہے اور اس پر یہ طرفہ تماشہ کہ غریب گیاس کنکشن صارفین کو ڈسٹری بیوٹرس سے نان سبسیڈی والے سیلنڈرس کی مکمل رقم کی نقد ادائیگی کرتے ہوئے گیاس سیلنڈر حاصل کر کے سبسیڈی رقم کی بینک اکاونٹ میں واپسی کا سختی سے انتظار کرتے ہوئے بینک اور اے ٹی ایم کے چکر لگانا پڑتا ہے جب کہ جن افراد کے بینک اکاونٹ میں موبائیل نمبر ہے انہیں میسیج آتا ہے اور جن کے اکاونٹ میں موبائیل نمبر نہیں ہے انہیں میسیج بھی نہیں آتا اور اگر سبسیڈی کی رقم بینک میں آ بھی گئی ہو تو صارفین کو سبسیڈی کی فراہمی کے لیے بینک یا اے ٹی ایم جاکر قطار میں کھڑے ہو کر رقم نکالنے کے لیے اپنے قیمتی وقت کو برباد کرنا پڑرہا ہے ۔ اکثر و بیشتر صارفین کے پاس اے ٹی ایم کارڈ موجود نہیں رہتا جس کے نتیجہ میں انہیں بینک جاکر گھنٹوں قطار میں ٹھہر کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑرہا ہے اور بعض گیاس کنکشن خواتین کے نام پر ہوا کرتے ہیں اگر ان کے پاس اے ٹی ایم کارڈ اگر موجود ہو تو خواتین کو اپنے گھر کا کام کاج چھوڑ کر بینک جاکر رقم نکالنے کے لیے گھنٹوں وقت برباد کرنا پڑرہا ہے ۔ حکومتوں کو چاہئے کہ وہ گیاس کنکشن صارفین کو پکوان گیاس پر دی جانے والی سبسیڈی کے بینک اکاونٹ میں راست رقم کی منتقلی کے طریقہ کار سے فوری دستبرداری اختیار کرتے ہوئے گیاس صارفین کو ڈسٹری بیوٹرس کے ذریعہ راست طور پر معہ سبسیڈی سیلنڈر کے حسب سابق طریقہ کار پر عمل آوری کے احکامات جاری کرے تاکہ بینک اکاونٹ میں سبسیڈی کی راست منتقلی کے طریقہ کار سے مزدور پیشہ طبقہ اور غریب عوام کو پیش آنے والی مشکلات سے نجات حاصل ہوسکے ۔۔