حیدرآباد میں سبسیڈی والے سلینڈر کی قیمت تقریباً 483.69 روپئے
حیدرآباد۔ یکم نومبر، ( سیاست نیوز)مرکز کی بی جے پی حکومت میں مہنگائی دن بہ دن آسمان کو چھو رہی ہے۔ غیر سبسیڈی والے پکوان گیاس کی قیمت میں فی سلینڈر اچانک 93.94 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح غیر سبسیڈی والے گیاس سلینڈر کی قیمت فی سلینڈر تقریباً 742 روپئے ہوگی۔ جولائی 2017سے اب تک پکوان گیاس کی قیمتوں میں 19 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اس سال جولائی سے روزانہ کی اساس پر نظر ثانی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت نے پٹرولیم اشیاء کو ہنوز جی ایس ٹی کے تحت نہیں لایا ہے۔ ہر ایک گھر کو سال میں سبسیڈی والے 12 سلینڈر سربراہ کئے جاتے ہیں اگر اس سے زائد کی ضرورت ہوتی ہے تو انہیں غیر سبسیڈی والے سلینڈر خریدنے پڑتے ہیں۔حکومت نے سبسیڈی والے پکوان گیاس پر چہارشنبہ کے دن فی سلینڈر 4.6 روپئے کا اضافہ کیا ہے۔ سبسیڈی والا سلینڈر چینائی میں 483.69روپئے ہے ۔اس طرح حیدرآبادمیں تقریباً 484روپئے میں سلینڈر دستیاب ہوگاجبکہ غیر سبسیڈی والا سلینڈر 93.94 روپئے اضافہ کے ساتھ تقریباً 750 روپئے میں دستیاب ہوگا۔
چیف منسٹر پر تنقید کرنے والا کنڈکٹر معطل
حیدرآباد۔یکم نومبر ، ( سیاست نیوز ) نظام آباد I بس ڈپو سے وابستہ کنڈکٹر ڈی سنجیو کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر مبینہ تنقید کرنے کی پاداش میں معطل کردیا گیا ہے۔ اس نے فیس بک پر فنڈزکی عدم اجرائی کا پیام پوسٹ کرتے ہوئے چیف منسٹر پر تنقید کی تھی۔