l فیول کا انحصار کم کرنے بائیو فیول کی تیاری پر توجہ مرکوز
l ممبئی میں کوکنگ آئیل سے ٹرکس چلانے کا آغاز
حیدرآباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بہت جلد آپ اپنی کاریں چلانے کے لیے پٹرول یا ڈیزل کا استعمال نہیں کریں گے بلکہ فیول کے متبادل کے طور پر پکوان کے لیے استعمال کئے جانے والا تیل Cooking Oil کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ طیاروں میں بائیو فیول کے استعمال کے کامیاب تجربہ کے بعد یہ ایک حقیقت ہوگی ۔ دہرہ دون سے کام کرنے والے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پٹرولیم میں اب استعمال شدہ کوکنگ آئیل کو بائیو فیول میں تبدیل کرنے پر کام کیا جارہا ہے ۔ پکوان میں استعمال شدہ تیل کو بائیو فیول میں تبدیل کرنے کے بعد اسے موٹر گاڑیوں اور طیارے چلانے میں استعمال کیا جائے گا ۔ ماحولیاتی حدت اور صاف ستھری آب و ہوا سے متعلق پیپرس معاہدہ کے بعد ہندوستان عالمی سطح پر شمسی توانائی کے استعمال کے تئیں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے اب فیول کی بجائے بائیو فیول کے استعمال کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے میں بھی ہندوستان کے آگے رہنے کی امید ہے ۔ ویسے بھی ہندوستان میں بڑے پیمانے پر خوردنی تیل کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ پکوان میں استعمال ہونے والے تیل کو بائیو فیول میں تبدیل کرنے سے متعلق تحقیق پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اس معاملہ میں وہ ہر اول دستہ میں شامل ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر فاسٹ فوڈ کے لیے شہرت رکھنے والے میکڈونالڈ نے استعمال شدہ پکوان تیل کو بائیو فیول میں تبدیل کر کے اس کا اپنے ڈیلیوری ٹرکس میں استعمال بھی شروع کردیا ہے ۔ یہ ڈیلیوری ٹرکس ریفریجیٹرس سے لیس ہیں ۔ میکڈونالڈ بڑی کامیابی سے ملک کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں واقع اپنے آوٹ لیٹس میں سے 85 کے ٹرکس بائیو فیول سے چلا رہا ہے اور توقع ہے کہ وہ بہت جلد ایسے جنوبی اور مغربی علاقوں کے 275 سے زائد آوٹ لیٹس تک وسعت دے گا ۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ بائیو فیول کے استعمال سے میکڈونالڈ کو پکوان میں استعمال شدہ 35 ہزار لیٹر تیل کو بائیو ڈیزل میں تبدیل کرنے میں مدد ملی ۔ نتیجہ میں اسے سالانہ 4,20,000 لیٹر خام تیل کی بچت ہورہی ہے ۔ حال ہی میں فوڈ ریگولیٹر FSSAI نے بھی ہوٹلوں ، ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی آوٹ لیٹس کو ہدایات جاری کی کہ وہ پکوان میں استعمال شدہ تیل کو دوبارہ استعمال نہ کریں اور اس کی بجائے وہ تیل بائیو فیول تیار کرنے والوں کے حوالے کردیں ۔ جہاں تک عالمی سطح پر بائیو فیول کے استعمال کا سوال ہے یہ ہنوز بڑے پیمانے پر شروع نہیں ہوا کیوں کہ صنعتی پیمانے پر اس کی پیداوار غیر مستحکم ہے لیکن ہندوستان میں چونکہ پکوان میں تیل بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے اور اس کی قیمت بھی کم ہوتی ہے ۔ اس لیے ہندوستان میں پکوان تیل سے بائیو جٹ فیول آسانی سے بنایا جاسکتا ہے اور مسابقتی بنیاد پر اس کی تیاری عمل میں آسکتی ہے ۔ بعض اندازوں کے مطابق ہندوستان میں تقریبا 23 ملین ٹن (MT) کوکنگ آئیل استعمال کیا جاتا ہے ایسے میں کم از کم 3 ملین ٹن استعمال شدہ تیل بائیو فیول کی تیاری میں استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ سبزی کے تیلوں ، ری سائیکل گریز ، الجی اور جانوروں کی چربی سے پیدا کردہ بائیو فیول ، فیول کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ہندوستان تیل کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کی کوششیں کررہا ہے ۔ ہندوستان اپنی تیل کی ضروریات کی تکمیل کے لیے ہر سال 80-83 فیصد تیل درآمد کرتا ہے جس سے اس کے بیرونی زر مبادلہ کے ذخائر پر یقینا اثر پڑتا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بائیو فیولس سے متعلق قومی پالیسی حال ہی میں جاری کی ہے ۔ جس کے تحت حکومت نے آئندہ چار برسوں میں ایھنال کی پیداوار تین گنا بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے جس سے ہندوستان کو 12000 کروڑ روپئے کی بچت ہوگی ۔۔
شمس آباد تحصیلدار کو تہنیت
شمس آباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): شمس آباد تحصیلدار سریش کمار کا تبادلہ کیا گیا ان کے مقام پر چندر راؤ شمس آباد تحصیلدار کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا ۔ جس پر ٹی آر ایس قائدین نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی ۔ میلارم سدرشن ایس سی سیل منڈل صدر اور دیگر قائدین نے گلپوشی و شال پوشی کرتے ہوئے ان کی آمد پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔۔