پڈو چیری ، 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پڈوچیری یونٹ کے صدر سامی ناتھن سمیت سینکڑوں پارٹی کارکنان کو پیر کے دن پولیس نے اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ ریاستی اسمبلی کا محاصرہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سامی ناتھن نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ پارٹی کے نامزد ممبر شنکر اور سیلوا گن پتی کے ساتھ بجٹ سیشن کے پہلے دن اسمبلی میں داخل ہو نگے اور اسی کے تحت پارٹی کارکنان سودیشی کاٹن مل کے قریب جمع ہوئے اور ریلی کی شکل میں آگے بڑھے ۔ ریلی جب انا سالئی کے نزدیک پہنچی تو اسی وقت پولیس نے انہیں روک کر گرفتار کرلیا۔ واضح ہو کہ مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت سے بحث و مباحثہ کے بغیر ہی سامی ناتھن ، شنکر اور سیلواگن پتی کو اسمبلی کے لئے نامزد کیا ہے ۔ وزیرا علی کے پارلیا منٹری چیف سیکریٹری کے لکشمی نارائن نے مرکزی وزارت داخلہ کے اس قدم کی مخالفت میں مدراس ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا ۔ عدالت کی جانب سے نامزد ممبروں کے حق میں فیصلہ دئے جانے کے باوجود اسمبلی اسپیکر وی ویتھلی لنگھم نے ان ممبروں کو اسمبلی میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ۔