پڈوچیری بھی دہلی کے نقش قدم پر …

نارائنا سامی کے بیان پر کرن بیدی کا شدیدردعمل
لیفٹننٹ گورنر کے احکام قبول نہ کرنے عہدیداروں کو چیف منسٹر کی ہدایت
پڈوچیری 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پڈوچیری کی لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی نے اپنے اختیارات کے بارے میں سوال کرنے والے ریاستی چیف منسٹر وی نارائنا سامی پر سخت جوابی وار کیا اور کہاکہ اس قسم کے بیانات اس مرکزی زیرانتظام علاقہ میں ترقی کی رفتار متاثر کرسکتے ہیں۔ کرن بیدی جو یہاں کی کانگریس حکومت سے برسر پیکار ہیں، نارائنا سامی کے گزشتہ روز کئے گئے ان ریمارکس پر ردعمل کا اظہار کررہی تھیں جن میں اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ وہ (کرن بیدی) کسی اتھاریٹی کے بغیر اپنے دوروں کے دوران عہدیداروں کو ہدایات جاری کررہی ہیں۔ میڈیا کے نام اپنے ایک پیغام میں بیدی نے کہاکہ لیفٹننٹ گورنر کے دفتر کی ذمہ داریوں اور جوابدہی کے بارے میں چیف منسٹر کی طرف سے اس قسم کے مسلسل بیانات دینے سے پڈوچیری کی ترقی متاثر ہورہی ہے۔ نارائنا سامی نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ بیدی کی ہدایات پر کان نہ دھریں۔ کرن بیدی نے کہاکہ ’’اگر ترقی ان (نارائنا سامی) کا مقصد ہوگی تو وہ اس قسم کے بیانات نہ دیتے‘‘۔ کرن بیدی نے کہاکہ ’’میرے دفتر سے جو بھی احکام جاری کئے جاتے ہیں وہ میرے شخصی احکام نہیں ہوتے‘‘۔