نئی دہلی ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ پڈوچیری کی لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی اور گورنر مغربی بنگال کیسری ناتھ ترپاٹھی کو واپس طلب کرلیا جائے کیونکہ وہ اپنے دستوری عہدہ کا استحصال کررہے ہیں۔ پارٹی نے کرن بیدی کے تین شکست خوردہ بی جے پی امیدواروں کو اسمبلی کیلئے نامزد کرنے کے ’’جانبدارانہ‘‘ فیصلے کا حوالہ دیا۔ کانگریس نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ گورنر کے عہدہ کا وقار کم کررہی ہے اور اس عہدہ کا استحصال کررہی ہے۔ کانگریس کی ترجمان سشمیتادیو نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دستور کی سرفرازی کی بات کرتے ہیں لیکن ان کی پارٹی عملی اعتبار سے نفرت پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد گورنرس کے تقررات قابل اعتراض ہوگئے ہیںچا ہے وہ اروناچل پردیش ہو، اتراکھنڈ، مغربی بنگال یا پڈوچیری تمام مسلمہ معیار میں اور روایات کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔