نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی باوقار کمیٹی برائے تبدیلیٔ ماحولیات کی صدرنشینی سے مستعفی ہونے کے ایک دن بعد آر کے پچوری کو نئی دہلی کے ایک ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔ پچوری کے ترجمان نے کہا کہ 74 سالہ پچوری کو جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے اقوام متحدہ کی باوقار کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا۔ ان کے مشیر قانونی شام سین گپتا نے کہا کہ ان کا علاج جاری ہے۔ انہیں دل کی بیماری کی وجہ سے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ ان کی حالت چند دن قبل اچانک بگڑ گئی تھی جس کی وجہ سے انہیں اسپتال میں شریک کردیا گیا۔2010 ء میں ان کا اسٹنڈ آپریشن بھی کیا گیا تھا ۔ وہ فی الحال ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔
پولیس نے جعلی کرنسی کا ریاکٹ کا پتہ چلایا
نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے جعلی کرنسی کا ریاکٹ کا پتہ چلالیا ہے جو مبینہ طور پر جعلی ہندوستانی کرنسی نوٹ ملک میں روانہ کر رہا تھا۔ پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن پر آج علی الصبح دو افراد گرفتار کرلئے گئے اور ان کے پاس سے 20 لاکھ روپئے مالیتی جعلی کرنسی ضبط کی گئی۔پولیس کے بموجب ان کے نیٹ ورک کا پتہ چلایا گیا ہے جو ہند۔بنگلہ دیش سرحد پار واقع ہے اور شمالی ہند کی ریاستوں یو پی دہلی اور مدھیہ پردیش میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعہ جعلی کرنسی پھیلا رہا ہے۔