مہلوکین و زخمیوں کیلئے ایکس گریشیا ۔ حکومت گجرات کا حلفنامہ
احمد آباد 3 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات حکومت نے سی آئی ڈی کو پٹیل کوٹہ احتجاج کے دوران پولیس زیادتیوں کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ حکومت گجرات نے اس احتجاج کے دوران مرنے اور زخمی ہونے والوں کیلئے معاوضہ کا اعلان بھی کیا ہے ۔ حکومت نے کہا کہ احتجاج کے دوران مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ روپئے فی کس اور شدید زخمی ہوکر معذور ہوجانے والوں کو فی کس دو لاکھ روپئے اور معمولی زخمیوں کو فی کس 10,000 روپئے ایکس گریشیا ادا کی جائیگی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے آج ہائیکورٹ میں داخل کردہ ایک حلفنامہ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ حلفنامہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے پٹیل کوٹہ احتجاج کے دوران پولیس زیادتیوں کے الزامات کی جامع اور تفصیلی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور اس سلسلہ میں سی آئی ڈی کو ذمہ داری سونپنے احکام بھی جاری کردئے گئے ہے۔ ریاستی حکومت کے حلفنامہ کے بعد ہائیکورٹ کی ڈویژن بنچ نے جو کارگذار چیف جسٹس جئینت پٹیل اور جسٹس این وی انجاریہ پر مشتمل تھی پرکاش کپاڈیہ نامی شخص کی جانب سے داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواست کو خارج کردیا ہے ۔ کپاڈیہ نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان پولیس اہلکاروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے جو احتجاج کے دوران مظالم اور زیادتیوں کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ کپاڈیہ کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ احتجاج کے دوران مرنے والوں کے لواحقین کیلئے ایکس گریشیا کا حکم دیا جائے ۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اس احتجاج میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے اور تقریبا 27 افراد زخمی ہوئے تھے ۔ حکومت کے بموجب اس تشدد میں تقریبا 203 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے ۔
آسام میں انکاونٹر ایک عسکریت پسند ہلاک
گوہاٹی ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): آسام کے ضلع کھوکراجھار میں آج پولیس سی آر پی ایف اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے انکاونٹر میں ایک خطرناک این ڈی ایف بی ( سانگجیت ) کے عسکریت پسند کو ہلاک کردیا ۔ باوثوق ذرائع سے یہ اطلاع ملنے پر کہ دو تین عسکریت پسند الٹاپانی کے جنگل میں روپوش ہیں ۔ مشترکہ کارروائی شروع کرنے پر عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ ہوگئی ۔ جس میں ایک انتہا پسند ہلاک ہوگیا ۔ آئی جی پی مسٹر ایل آر یشنول نے یہ اطلاع دی ۔