پٹیل قائدین کی گجرات کے وزیر سے ملاقات

احمد آباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پٹہ دار انامت اندولن سمیتی کے دو نمائندوں نے آج گجرات کے وزیر صحت نتن پٹیل سے پٹیل برادری کے او بی سی زمرہ میں تحفظات کے لیے جاری ایجی ٹیشن کے مسئلہ پر بات چیت منعقد کی ۔ چراگ پٹیل اور دنیش پٹیل نے وزیر موصوف سے ملاقات کی لیکن سمیتی کے کنوینر ہاردک پٹیل موجود نہیں تھے ۔ نتن پٹیل جو حکومت کے ترجمان کے طور پر بھی ذمہ داری نبھاتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہماری ان کے تمام مسائل پر بات چیت ہوئی ۔ انہوں نے زائد از دیڑھ گھنٹے کی بات چیت میں اپنے مطالبات پیش کئے نیز یہ کہ یہ میٹنگ شمالی گجرات اور سوراشٹرا کے پٹیل قائدین کی ایماء پر منعقد کی گئی ۔ تاہم وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے انہیں کوئی تیقن نہیں دیا ہے ۔ اُدھر مہسانہ ٹاؤن میں ہاردک پٹیل نے بتایا کہ سمیتی کے نمائندوں نے ریاستی وزیر نتن پٹیل سے ملاقات کی ہے ۔ ہم نے انہیں تشدد میں مرنے والوں کے خاندانوں کو معاوضہ ادا کرنے کے لیے کہا اور یہ مطالبہ کیا کہ پٹیل نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لیے جائیں کیوں کہ انہیں غلط طور پر ماخوذ کیا گیا ۔