جام نگر 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں بی جے پی حکومت کے خلاف صف آراء بااثر پٹیل برادری کو اپنی پارٹی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کے طور پر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے پائیدار پٹیل برادری کے زیر تسلط سو راشٹرا علاقوں میں اپنی مہم کے دوران آج سردار پٹیل کی وراثت کا تذکرہ کیا۔ راہول گاندھی نے تین روزہ دورہ گجرات کے دوسرے دن جام نگر اور دیگر مقامات کے دوروں کے موقع پر بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیاکہ پٹیل طبقہ کو تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ کے تحت کئے جانے والے ایجی ٹیشن کے دوران ریاستی بی جے پی حکومت نے اس طبقہ کے نوجوانوں پر مظالم و زیادتی کی ہے۔ راہول نے راجکوٹ روانگی کے دوران دھرول ٹاؤن میں آمد کے موقع پر پاتیدار ٹوپی بھی پہن رکھا تھا جس پر ’’جئے سردار ۔ جئے پاتیدار‘‘ کا نعرہ درج تھا۔ سیاسی طور پر بااثر پٹیل طبقہ سے تعلق رکھنے والے ہاردک پٹیل کی قیادت میں اپنے لئے تحفظات کی مہم چلانے والی تنظیم پاتیدار امانت آندولن سمیتی کے ارکان راہول کو یہ ٹوپی دی تھی۔