طباعت کے لیے از سر نو ٹنڈرس طلب کرنے کا فیصلہ ، چیف منسٹر تلنگانہ کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حکومت تلنگانہ نے پٹہ دار پاس بک کی طباعت (پرنٹنگ ) کے لیے از سر نو ٹنڈرس طلب کرنے کے اقدامات کرے گی ۔ جب کہ پٹہ دار پاس بکس کی طباعت کے لیے سیکوریٹی پرنٹنگ پریس کے ساتھ کئے گئے معاہدہ کو منسوخ کر کے از سر نو نئے ٹنڈرس طلب کرنے کی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاستی حکومت کے مقررہ سیکوریٹی قواعد کے مطابق ہر ایک پٹہ دار پاس بک کی طباعت کے لیے 200 روپئے قیمت کا تعین کر کے سیکوریٹی پرنٹنگ پریس نے رضا مندی کا اظہار کیا تھا اور نامزدگی کی بنیاد پر سرکاری ادارہ ہونے کے پیش نظر پٹہ دار پاس بکس کی طباعت کی ذمہ داری سیکوریٹی پرنٹنگ پریس کو حکومت کی جانب سے سونپی گئی لیکن اچانک 200 روپئے غیر واجبی قیمت ہونے کے پیش نظر کم از کم 250 روپئے فی پٹہ دار پاس بک کی قیمت ادا کرنے کی سیکوریٹی پرنٹنگ پریس نے خواہش کی ۔ جس کے باعث پٹہ دار پاس بکس کی طباعت میں تاخیر ہونے کے نتیجہ میں ابھی تک پٹہ دار پاس بکس کی طباعت ممکن نہیں ہوسکی ۔ اس اطلاع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے شدید ردعمل اور برہمی کا اظہار کیا اور سرکاری ادارہ ہونے کے باوجود وعدہ خلافی کرنا کوئی مناسب بات نہ ہونے کا چیف منسٹر نے اظہار کیا اور کہا کہ معاہدہ کے مطابق قیمت میں اضافہ کرنے کا ہرگز سوال ہی پیدا نہیں ہوگا ۔ لہذا سیکوریٹی پرنٹنگ پریس سے کیے ہوئے معاہدہ کو منسوخ کردینے اور پٹہ دار پاس بکس کی طباعت کے لیے فی الفور از سر نو ٹنڈرس طلب کرنے کی چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو سخت ہدایات دئیے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔۔