ڈرائیور کی نعش دستیاب ہونے کے بعد پولیس کی سخت چوکسی
نئی دہلی ۔ 22 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پٹھان کوٹ میں 3 نامعلوم افراد کی جانب سے کرایہ پر حاصل کردہ ٹیکسی کے ڈرائیور کی ہیماچل پردیش کے ضلع کانگرا میں نعش دستیاب ہونے کے بعد دہلی میں آج پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ ٹیکسی ڈرائیور کی بحیثیت وجئے کمار متوطن گاگل ولیج ضلع کانگرا شناخت کرلی گئی ہے جو کہ کانگرا میں کٹلابرج کے قریب مردہ پایا گیا اور اس کی ٹیکسی لاپتہ ہوگئی ہے ۔ ایک سفید رنگ کی آلٹو کار نمبر HP-01D-2440 کو 3 نامعلوم افراد نے پٹھان کوٹ سے کرایہ پر حاصل کی تھی ۔ جب کہ ٹیکسی ڈرائیور کی نعش 20 جنوری کو ہماچل پردیش میں ایک پل کے قریب دستیاب ہوئی اور ٹیکسی غائب پائی گئی جس کے پیش نظر قومی دارالحکومت دہلی میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ ٹیکسی کی گمشدگی کے باعث امکانی خطرات کے بارے میں دہلی پولیس کمشنر بی ایس بسی نے عوام سے اپیل کی کہ اجنبیوں سے ہوشیار رہیں اور شہر میں سیکوریٹی کے تعلق سے کوئی اطلاعات فراہم نہ کریں ۔ پولیس نے عوام کو چوکس رہنے کی یہ ہدایت حالیہ پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملوں کے پس منظر میں دی ہے جہاں پر دہشت گردوں نے ایک کیاب ڈرائیور کو ہلاک کرنے کے بعد اس کی گاڑی میں فضائی اڈہ تک پہنچے تھے ۔۔