لاہور ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات عنقریب مکمل کرلے گا اور اسے منظرعام پر لے آئے گا، وزیراعظم نواز شریف نے آج یہ بات کہی، اور ساتھ ہی انھوں نے اعتراف کیا کہ اس واقعہ کا ہند۔ پاک روابط پر منفی اثر پڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حملہ نے ہندوستان کے ساتھ مذاکرات میں خلل ڈالا، جو وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورہ کے بعد صحیح سمت میں جاری تھے ۔ انہوں نے یہاں میڈیا والوں سے بات چیت میں کہا کہ پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور ہم اس کے نتائج کو عنقریب منظرعام پر لے آئیں گے۔ نواز شریف نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پٹھان کوٹ حملے نے مذاکرات کے عمل کو متاثر کیا ہے۔ انھوںنے کہا کہ پاکستان اس حملے کیلئے اپنی سرزمین کے مبینہ طور پر استعمال کو بے نقاب کرے گا اور یہ تحقیقات جلد مکمل کرلی جائیں گی ۔