پٹنہ میں چھیڑ خانی معاملہ میں 3ملزمین گرفتار

پٹنہ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے سب سے زیادہ سکیورٹی والے بورنگ روڈ چوراہے پر ایک لڑکی کے ساتھ چھیڑخانی کے معاملے میں پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے ۔سینئرپولس سپرنٹنڈنٹ منو مہاراج نے یہاں بتایا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ( انتظام) شبلي نعمانی کی قیادت میں خصوصی ٹیم نے تکنیکی اور سائنسی تحقیقات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے صرف دو دن کے اندر تین ملزمان آشیش آنند عرف گولو ، سنگدھ کشیپ اور پرشانت کمار کو گرفتار کر لیا۔مسٹر منومہاراج نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر واردات کے لئے استعمال کی گئی موٹر سائیکل کی چھان بین کی گئی۔ضلع ٹرانسپورٹ دفتر سے موٹر سائیکل کا نمبر حاصل کرنے کے بعد جانچ پڑتال سے پتہ چلا کہ یہ موٹر سائیکل رام ولاس مہتو کے نام سے رجسٹرڈ ہے ۔پوچھ گچھ کرنے پر رام ولاس نے بتایا کہ اس نے سال 2014 میں موٹر سائیکل مظفر پور کے باشندے گوروکمار کو بیچ دی تھی۔ گورونے اسے اتل راج کو اور اتل نے 12 جنوری کو لودي پو کے باشندے پرشانت کمار کو موٹر سائیکل بیچی تھی۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ جانچ کے دوران پتہ چلا کہ آشیش خسرپور میں چھپا ہوا ہے ۔ پولس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آشیش کو گرفتار کر لیا۔ اس کی نشاندہی پر سنگدھ کو گرفتار کیا گیا۔ انکوائری میں ان دونوں نے چھیڑخانی کے معاملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے اور بتایا کہ موٹر سائیکل پرشانت کی ہے اور چھیڑھانی کے بعد انہوں نے موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ بدل دی تھی۔ بعد میں پرشانت کو بھی گرفتار کر لیا گیا اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔