پٹنہ میں دسہرہ تقریب کے دوران بھگدڑ، 35 ہلاک

پٹنہ /3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹنہ کے گاندھی میدان پر آج شام دسہرہ تقاریب کے اختتام کے فوری بعد بھگدڑ مچ گئی، جس میں خواتین اور بچوں کے بشمول 35 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ سانحہ اس وقت پیش آیا، جب عوام بہار کے دارالحکومت پٹنہ کی اصل دسہرہ تقریب منعقدہ گاندھی میدان پر راون کے پتلہ کو آگ لگانے کا منظر دیکھنے کے بعد واپس ہو رہے تھے۔ بہار کے معتمد داخلہ عامر سبحانی نے کہا کہ اس المیہ میں 35 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ عہدہ داروں نے کہا کہ مرنے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ چیف منسٹر بہار چیتن رام منجی گاندھی میدان پر موجود تھے، جہاں عوام 60 فٹ طویل راون کے پتلے کو شعلہ والا تیر مارنے کے بعد جلتا ہوا منظر دیکھ رہے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر بہار سے فون پر بات چیت کی اور

اس سانحہ سے متعلق تفصیلات حاصل کی۔ انھوں نے مرنے والوں کے قریبی رشتہ دار کو فی کس دو لاکھ روپئے کا اعلان کیا۔ مرنے والوں میں 6 بچے اور تقریباً 20 خواتین شامل ہیں۔ سینئر ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما نے کہا کہ تقریباً 15 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنھیں دوا خانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ قلب شہر میں واقع گاندھی میدان کے قریب ایکزبیشن روڈ علاقہ میں اس وقت پیش آیا، جب بعض افراد نے آگے بڑھنے کے لئے ایک دوسرے کو دھکیلنا شروع کیا۔ پولیس نے عوام کے داخلہ کے مقام کو بند کردیا تھا۔ بعض عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ بھگدڑ اس افواہ کے بعد ہوئی کہ میدان میں ایک برقی تار گرپڑا ہے۔ مقام سانحہ پر جوتے، چپل اور پرس وغیرہ بکھرے پڑے تھے۔ دسہرہ تقریب ختم ہونے کے بعد باہر جانے والے گیٹ کی طرف زبردست ہجوم بڑھ گیا تھا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اس سانحہ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔