نئی دہلی ۔ 21 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے نے آج اس سازش کو بے نقاب کردیا جب گزشتہ سال اکتوبر میں نریندر مودی کے اجلاس کے مقام پر بم دھماکے ہوئے تھے جن کا اصل نشانہ خود مودی تھے جو اس وقت ایک ریالی میں شرکت کیلئے گاندھی میدان آئے تھے ۔ ا ین آئی اے ڈائرکٹر جنرل شرد کمار نے عجلت میں طلب کی گئی ایک پریس کانفرنس میں اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ یاد رہے کہ نریندر مودی اس وقت این ڈی اے کے منتخبہ وزیراعظم ہیں کیونکہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرتے ہوئے نہ صرف کانگریس بلکہ دیگر علاقائی جماعتوں کو بھی چاروں خانے چِت کردیا ۔
این آئی نے اس سلسلہ میں چار افراد بشمول ماسٹر مائنڈ حیدر علی عرف بلیک بیوٹی کو گرفتار کرلیا ۔ دیگر ملزمین جنہیں رانچی سے گرفتار کیا گیا ہے ان کے نام توفیق انصاری ، مجیب اللہ اور نعمان انصاری بتائے گئے ہیں ۔ ا ین آئی اے نے ان تمام ملزمین کی گرفتاری کیلئے 5 لاکھ روپئے کے انعام کا بھی اعلان کیا تھا ۔ سنٹرل انٹلیجنس ایجنسیاں پٹنہ دھماکوں کا کیس گزشتہ سال بہار سے یسین بھٹکل کی گرفتاری کے بعد جلد سے جلد حل کرنے کوشاں تھی ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 10 اکتوبر کو مودی کی ریالی سے قبل پٹنہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 10 پر بم دھماکہ ہوا تھا اور اس کے بعد گاندھی میدان کے باہر بھی دھماکے ہوئے تھے ۔ این آئی اے نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اب تک آٹھ افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔