پٹروڈا نے مخالف سکھ فساد متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکا : نقوی

نئی دہلی 10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کانگریس لیڈر سام پٹروڈا کو تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے 1984 کے مخالف سکھ فسادات سے متعلق ریمارک کیا تھا ۔ نقوی نے کہا کہ پٹروڈا نے ان فسادات کے متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کو ذہنی طور پر دیوالیہ ہوجانے والے قائدین کا مرکز قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ وہ پٹروڈا کے بیان پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹروڈا نے مخالف سکھ فسادات کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے پٹروڈا کو راہول گاندھی کا گرو قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے بیان سے متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑنے کا کام کیا ہے ۔ کانگریس کی جانب سے مودی کو کمزور وزیر اعظم قرار دئے جانے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی نے اقتدار کے گلیاروں سے درمیانی آدمی کا رول ختم کردیا ہے ۔ حکومت نے پاکستان کو یکا و تنہا کردیا ہے اور جئیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔