نئی دہلی ۔ 30 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول کی قیمتوں میں آج فی لیٹر 31 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 71 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ بین الاقوامی تیل شرحوں اور روپئے کی قدر میںاضافہ کے باعث یہ کٹوتی کی گئی ہے۔ گزشتہ مئی سے پٹرول کی قیمت میں مسلسل تین مرتبہ اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد 31 پیسے کی کمی کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اس ماہ کے دوران دو مرتبہ کمی کی گئی ہے۔ دہلی میں پٹرول فی لیٹر 66.62 روپئے ہوگیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 50.22 فی لیٹر ہے۔ 16 جون کو پٹرول کی قیمتوں میں ا ضافہ کا جائزہ لیا گیا تھا اور فی لیٹر 64 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا لیکن ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 1.35 روپئے کمی کی گئی تھی۔ گزشتہ کمی کے بعد سے بین الاقوامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں کٹوتی ہوئی ہے۔ امریکی ڈالر کے مقابل ہندوستانی کرنسی کی قدر میںبہتری کے بعد پٹرولیم اشیاء کی قیمت گھٹا دی گئی ہے۔ صارفین کو اس کٹوتی سے فائدہ ہوگا۔ 16 جون سے قبل پٹرول کی قیمتوں میں فی لیٹر 3.13 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا جبکہ ڈیزل پر 16 مئی کو 2.71 فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ ہندوستان کی سرکاری ملکیت کی تیل کمپنیوں نے ہر ماہ کی پہلی اور 16 تاریخ کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے شرحوں میں کمی و پیشی کا فیصلہ کیا تھا۔