پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 91 پیسے کی کمی

نئی دہلی 30 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پٹرول کی قیمتوں میں فی لیٹر 91 پیسے کی کمی کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 84 پیسے کی کمی وہئی ہے ۔ پٹرول کی قیمتوں میں ماہ اگسٹ کے بعد سے ساتویں مرتبہ کمی آئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی مسلسل تیسری مرتبہ کم کی گئی ہے ۔ بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی پر آج نصف شب سے عمل آوری ہوگی ۔ دہلی میں اب پٹرول کی قیمت 64.24 روپئے فی لیٹر کی بجائے 63.33 روپئے فی لیٹر ہوگی اور ڈیزل کی قیمت دہلی میں 53.35 روپئے فی لیٹر کی بجائے 52.51 روپئے فی لیٹر ہوگی ۔ ریاستوں میں مختلف لوکل ٹیکس اور ویاٹ کی شرحوں کی وجہ سے یہ قیمتیں مختلف ہونگی ۔ انڈین آئیل کارپوریشن نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا کہ چونکہ قیمتوں میں تبدیلی آئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے ایسے میں اندرون ملک کی قیمتوں میں بھی کمی کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ڈالر کے مقابلہ میں روپئے کی قدر میں بھی بہتری آئی ہے اس لئے بھی قیمتوں پر اثر ہوا ہے ۔ ماہ اگسٹ کے بعد سے یہ ساتویں مرتبہ ہے جب اندرون ملک پٹرول کی قیمت میں کمی کی گئی ہے جبکہ ماہ اکٹوبر کے بعد سے ڈیزل کی قیمت میں مسلسل تیسری مرتبہ کمی آئی ہے ۔ اگسٹ کے بعد سے پٹرول کی قیمت میں مختلف مرتبہ ہوئی کمی کے نتیجہ میں بحیثیت مجموعی 9.36 روپئے فی لیٹر تک کم ہوئے ہیں۔ ڈیزل کی قیمت میں 19 اکٹوبر کے بعد سے بحیثیت مجموعی 3.37 روپئے فی لیٹر کم ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی تیل مارکٹ میں قیمتوں میں کمی اور ڈالر کے مقابلہ میں روپئے کی شرح تبدیلی میں جو بہتری آئی ہے اس کی وجہ سے اندرون ملک قیمتوں میں کمی کرنے میں مدد ملی ہے ۔