پٹرول کی قیمتوں کیخلاف اپوزیشن سڑکوں پر آئیگی :یشونت سنہا

نئی دہلی۔4 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پٹرول اور ڈیزل کی آسمان چھوتی قیمتوں کے سلسلے میں مودی حکومت پر حملے تیز ہو گئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت سابقہ حکومت میں وزیر خزانہ رہنے والے مسٹر یشونت سنہا نے اپوزیشن پارٹیوں سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سڑکوں پر اترنے کی اپیل کی ہے ۔ مودی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے لئے سابق مرکزی وزیر مسلسل حملے کر تے رہے ہیں۔ انہوں نے منگل کو ٹوئٹر پر لکھا کہ "پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل بڑھوتری ہو رہی ہے اور ایندھنوں کے دام روزانہ نئے ریکارڈ پر پہنچ رہے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیاں سڑکوں پر کیوں نہیں اتر رہی ہیں؟ انہیں کس بات کا انتظار ہے ؟ خیال رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کے دام مسلسل دسویں دن بڑھتے ہوئے نئے ریکارڈ پر پہنچ گئے ہیں۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت 80 روپے کے قریب پہنچ گئی ہے تو ممبئی میں یہ 86 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے ۔ اس سے قبل قومی جمہوری محاذ(این ڈی اے ) کے اتحادی جنتا دل یو نائٹیڈ کے سکریٹری جنرل کے سی تیاگی نے بھی ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر فوری طور پر روک لگانے کے لئے وزیر اعظم سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔