بھوپال،8ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کی مدھیہ پردیش اکائی کے صدر کمل ناتھ نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ مرکزی حکومت کے وقت پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر ہنگامہ کرنے والے لوگ آج پٹرول-ڈیزل کی آسمان چھوتی قیمتوں پر کہاں غائب ہیں؟مسٹر کمل ناتھ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ گزشتہ تین مہینے میں پٹرول کی قیمتیں ساڑھے چھ اور ڈیزل کی نوروپے بڑھی ہیں،پھر بھی حکومت نہ تو اس پر ویٹ کم کررہی ہے اور نہ ہی انہیں جی ایس ٹی میں شامل کر رہی ہے ۔کانگریس حکومت کے وقت اس معاملے پر ہنگامہ کرنے والے لوگ اب کہاں ہیں؟مرینا ضلع میں کل ریت مافیا کے ذریعہ ڈپٹی رینجر کو کچل کرقتل کرنے کے مسئلے پر مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ 13 برسوں میں ریت مافیا نے کتنے لوگوں کی جانیں لی ہیں،یہ حکومت کو بتانا چاہئے ۔ سیدھی ضلع کے چرہٹ میں وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کی جن آشرواد یاترا کے دوران رتھ پر پتھراؤ کی مذمت کرتے ہوئے مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ قصورواروں پر کارروائی کے ساتھ ہی یہ جانچ بھی ہونی چاہئے کہ اس واقعہ کے پیچھے کون لوگ تھے ۔کانگریس صدر راہل گاندھی کے 17ستمبر کو ریاست کے مجوزہ دورے کے بارے میں پارٹی کے ریاستی صدر نے کہا کہ وہ بھوپال میں کارکنان کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے ۔
بنگال حکومت تعلیم کو پھیلانے کی پابند عہد : ممتا بنرجی
کولکاتا 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہاکہ اُن کی حکومت عوام کے تمام طبقات میں تعلیم کو پھیلانے کی پابند عہد ہے۔ اُنھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر تحریر کیاکہ آج بین الاقوامی یوم خواندگی ہے۔ خواندگی کا مسئلہ اقوام متحدہ کے مقاصد کا کلیدی حصہ ہے اور یو این کے 2030 ایجنڈے کا جُز بھی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کی حکومت تمام طبقات میں علم کی روشنی کو پھیلانے کا عزم رکھتی ہے۔ یونیسکو نے 1966 ء میں 8 ستمبر کو بین الاقوامی یوم خواندگی قرار دیا تھا۔