حیدرآباد 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) مبینہ عاشق کی جانب سے انتہائی درندگی کے ساتھ پٹرول چھڑک کر آگ لگائے جانے سے جھلس جانے والی معشوقہ سندھیا رانی دوران علاج کل رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ اسے کل کارتک نامی مبینہ عاشق نے لالہ گوڑہ علاقہ میں سر عام پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی ۔ سندھیا اس میں 84 فیصد تک جھلس گئی تھی ۔ معشوقہ کو برسر عام پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والے درندہ صفت عاشق کو نارتھ زون پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کل رات دیر گئے 30 سالہ کارتک کو حراست میں لینے کے بعد اس کے خلاف قتل،دست درازی اور ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ شادی سے انکار پر برہم عاشق نے اپنی معشوقہ کے ساتھ اس درندگی کا ارتکاب کیا ۔ کارتک ، سندھیا پر شادی کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا ۔ کل شام اُس نے سندھیا کا تعاقب کیا اور راستہ میں روک کر اُس سے بحث و تکرار کی۔ شادی سے انکار پر اُس نے فوری پٹرول ڈال کر اُسے آگ لگادی۔ سندھیا کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ رات دیر گئے فوت ہوگئی۔ پولیس نے جائے حادثہ کے علاوہ لالہ گوڑہ کے اطراف علاقوں کے کئی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کئے جس میںپولیس کو کئی شواہد دستیاب ہونے کی اطلاع ہے ۔ نارتھ زون ڈی سی پی شریمتی پی سومتی نے بتایا کہ کارتک کے خلاف بہت جلد چارج شیٹ داخل کی جائے گی اور اُسے یقینی طور پر سزا دلانے کی کوشش کی جائے گی۔