پٹرول پمپس پر نریندر مودی کی تصویر کی شرط، خلاف ورزی پر پٹرول کی عدم سربراہی

مختلف آئیل کمپنیوں کے عہدیداروں کا دورہ و ہدایت، ڈیلرس میں پریشانی لاحق

حیدرآباد۔26اگسٹ(سیاست نیوز) نریندر مودی کی تصویر کے ساتھ اگر پٹرول پمپ پر ’پردھان منتری اوجوالا یوجنا‘ اسکیم کی تشہیر کے ہورڈنگ نہ لگائے جانے کی صورت میں پٹرول پمپ کو پٹرول سربراہ نہیں کیا جائے گا۔ پٹرول پمپ ڈیلرس کی جانب سے یہ الزام عائد کیا جار ہا ہے۔ ملک بھر میں پٹرول پمپ پر نریندر مودی کی تصویر کے ساتھ آویزاں پٹرول پمپ پر ہورڈنگس کے متعلق ڈیلرس کی جانب سے سنسنی خیز انکشاف کے بعد کھلبلی پیدا ہوگئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ مرکزی حکومت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم کی تشہیر میں مصروف ہے۔ پٹرول پمپ مالکین کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے مطابق ملک بھر میں پٹرول سربراہ کرنے والی کمپنیاں انڈین آئیل کارپوریشن ‘ بھارت پٹرولیم کارپوریشن‘ ہندستان پٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے پٹرول پمپ کے معائنہ کے لئے پہنچنے والے عہدیداروں کی جانب سے یہ زبانی ہدایت جاری کی جا رہی ہیں کہ وہ پٹرول پمپ پر مودی کی تصویر والے اسکیم کے اشتہارات آویزاں کریں ورنہ ان کے پمپ کو پٹرول و ڈیزل کی سربراہی بند کردی جائے گی۔ پٹرول پمپ مالکین کے اس الزام کو آئیل کارپوریشن کی جانب سے سختی سے مسترد کرتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ ایسی کوئی دھمکی نہیں دی گئی ہے لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیم کی تشہیر کے لئے کہا جا رہاہے اور جب اسکیم کی تشہیر ہوتی ہے تو ایسی صورت میں وزیر اعظم کی تصویر ہوتی ہی ہے۔ انڈین آئیل کارپوریشن کی جانب سے ’پردھان منتری اوجوالا یوجنا‘ جو کہ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذارنے والوں کے لئے گیاس کنکشن اسکیم ہے اور اس کی تشہیر کی کے لئے 290 کروڑ روپئے خرچ کئے جانے کی اطلاع کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ ملک کے بیشتر تمام پٹرول پمپس پر تیل سربراہ کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے یہ ہورڈنگ آویزاں کرنے کے لئے باضابطہ دھمکی دی جا رہی ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اسکیمات کی تشہیر کے لئے اختیار کردہ طریقہ کار کے انکشاف کے بعد اس پر مختلف گوشوں سے تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے۔