پٹرول و ڈیزل قیمتوں میںاضافہ کیلئے مرکزی و ریاستی دونوں حکومتیں ذمہ دار

تلنگانہ میں بھارت بند کی کامیابی کا دعوی ۔ تلنگانہ میں سب سے زیادہ ٹیکس وصولی کا الزام ۔ اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔10ستمبر ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے ریاستی و مرکزی حکومت کو برابر کا ذمہ دار قرار دیا ۔ تلنگانہ میں ’ بھارت بند ‘ کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے بند میں حصہ لینے والوں سے اظہار تشکر کیا ۔ ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج آر سی کنٹیا سکریٹری اے آئی سی سی سلیم احمد ‘ بوس رجکو ‘ مدھو گوڑ یاشکی قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر ‘ سابق قائد اپوزیشن جانا ریڈی موجود تھے ۔ اُتم کمار نے کہاکہ کل ہند کانگریس کا معلنہ ’ بھارت بند ‘ تلنگانہ میں کامیاب ہوا ۔ پولیس کی جانب سے اضلاع میں کانگریس قائدین و کارکنوں کو گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا نیا ریکارڈ بنا ہے ‘ اسی طرح روپئے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں گھٹنے کا بھی نیا ریکارڈ قائم ہوا جو مودی حکومت کی بڑی ناکامی ہے ۔ ساتھ ہی پٹرول و ڈیزل قیمتوں میں اضافہ کیلئے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر بھی برابر کے ذمہ دار ہیں ۔ 23 ریاستوں میں سب سے زیادہ ٹیکس تلنگانہ میں وصول کیا جارہا ہے ۔ اُتم کمار نے کہا کہ گوا میں پٹرول پر 16.61 فیصد اور ڈیزل پر 18.82 فیصد ‘ تریپورہ میں پٹرول پر 18.89 فیصد اور ڈیزل پر 12.97 فیصد ‘ دہلی میں پٹرول پر 27فیصد اور ڈیزل پر 17.28 فیصد ٹیکس وصول کیا جارہا ہے تلنگانہ میں پٹرول پر 35.02 فیصد اور ڈیزل پر 28.31 فیصد ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ۔ کرناٹک میں تلنگانہ سے 2.80روپئے کم اور ڈیزل پر 5تا 6 روپئے فی لیٹر کم وصول کیا جارہا ہے ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ یو پی اے حکومت میں عالمی منڈی میں خام تیل 120 ڈالر فی بیارل دستیاب ہونے کے باوجود 68 روپئے لیٹر پٹرول اور 53روپئے لیٹر ڈیزل فروخت کیا گیا اب جبکہ عالمی منڈی میں 79 ڈالر فی بیارل خام تیل ہے مگر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ملک میں نیا ریکارڈ قائم کرچکی ہیں ۔ اُتم کمار نے کہا کہ مودی حکومت نے ساڑھے چار سال میں پٹرول قیمتوں میں 12مرتبہ اضافہ کیا ۔ اس کے بعد روزآنہ قیمتوں پر نظرثانی کرکے عوام پر بھاری بوجھ عائد کررہی ہے ۔ یو پی اے حکومت میں اکسائز ڈیوٹی 3.5 فیصد وصول کی جاتی تھی جس کو این ڈی اے حکومت نے 15فیصد کردیا ہے ۔ پکوان گیس سیلنڈر کی قیمتوں میں لگ بھگ 100فیصد اضافہ کردیا گیا ۔ یو پی اے حکومت 2014 میں فی سیلنڈر پکوان گیس 414 روپئے میں دستیاب تھا اب اس کی قیمت 754 روپئے ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو تلنگانہ میں اقتدار حاصل ہوتا ہے تو سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والوں کو سالانہ 6 پکوان سیلنڈر مفت سربراہ کیا جائیگا ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھی عوام سے وعدہ کیا ہیکہ اگر مرکز میں کانگریس حکومت تشکیل پاتی ہے تو پٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی کے دائرہ کار میں شامل کیا جائیگا جس سے قیمتوں میں کمی آجائیگی ۔ پٹرول و ڈیزل قیمتوں میں کمی آتی ہے تو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئیگی ۔