نئی دہلی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول کی قیمت 49 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 1.21 روپئے فی لیٹر کے علاوہ طیاروں کے ایندھن (جٹ فیول) میں 2 فیصد کی کمی کی گئی ہے لیکن غیر سبسیڈی پر سربراہ کئے جانے والے پکوان گیس (ایل پی جی) سلنڈر پر 11 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی پر آج نصف شب سے اطلاق ہوگا۔ حالیہ عرصہ کے دوران ان دونوں اشیاء کی قیمتوں میں فروری اور مارچ کے دوران لگاتار دو مرتبہ اضافہ کیا گیا تھا۔ ملک کی سب سے بڑی تیل کمپنی انڈین آئیل کارپوریشن (آئی او سی) نے کہا کہ اس کمی کے ساتھ دہلی میں پٹرول کی موجودہ قیمت جو 60.49 روپئے تھی، اب 60 روپئے ہوجائے گی۔ فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 48.50 روپئے سے گھٹ کر 49.71 روپئے ہوجائے گی۔ طیارہ کے فی کیلو لیٹر ایندھن کی قیمت میں مارچ کے دوران 8.2 فیصد کا بھاری اضافہ کیا گیا تھا جس میں اب 2 فیصد کی کمی کی گئی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں اگست 2014ء سے فروری تک 7 مرتبہ اور ڈیزل کی قیمت میں 6 مرتبہ کمی کی گئی تھی۔ تاہم فروری اور مارچ میں دو مرتبہ اضافہ کیا گیا۔