پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کا امکان

پکوان گیاس کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا ، وزیر پٹرولیم کا بیان
نئی دہلی ۔ /13 جون (سیاست ڈاٹ کام) قومی سطح پر فیول معیارات پر ماہرین کے پیانل رپورٹ کی سفارشات کو اگر حکومت نے قبول کرلیا تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 75 پیسے تک اضافہ ہوگا ۔ سمترا چودھری کمیٹی نے آٹو فیول ویژن اور پالیسی 2025 ء کا تخمینہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریفائنریز کو یورو وی کے مساوی پٹرول اور ڈیزل پیدا کرنے کی ضرورت ہے اس کے لئے 80,000 کروڑ درکار ہیں ۔ اس لاگت کو پٹرول اور ڈیزل پر 75 پیسے لیوی اضافہ کے ذریعہ پورا کیا جاسکتا ہے ۔ اس وقت دہلی ، ممبئی ، چینائی ، احمد آباد اور لکھنؤ کے بشمول 26 شہروں میں یورو IV مساوی ایندھن استعمال کیا جارہا ہے ۔ اس دوران مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ گھریلو پکوان گیاس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا ۔ صارفین کو دی جانے والی سبسیڈی برقرار رہے گی ۔ پکوان گیاس کو موجودہ قیمت میں ہی صارفین کو فراہم کیا جائے گا ۔