نئی دہلی25ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پٹرول۔ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے ۔ ملک میں پٹرول کی قیمت منگل کو مسلسل چھٹے دن اور ڈیزل کے دام دوسرے دن بڑھائے گئے ۔ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن سے ملی اطلاع کے مطابق، چار اہم میٹرو شہردہلی، کولکتہ، ممبئی اور چنئی میں پٹرول کی قیمت منگل کو 14-14 پیسے فی لیٹر بڑھی۔ ایک لیٹر پٹرول دہلی میں 82.86 روپے ، کولکتہ میں 84.68 روپے ، ممبئی میں 90.22 روپے اور چنئی میں 86.13 روپے قیمت ہے ۔دہلی، کولکتہ اور چنئی میں ڈیزل کے دام 10-10 پیسے بڑھ کر بالترتیب 74.12 روپے ، 75.97 روپے اور 78.36 روپے فی لیٹر رہے ۔ ممبئی میں، ڈیزل میں 11 پیسے مہنگا ہوکر 78.69 روپے ہے ۔ستمبر میں اب تک دہلی میں پٹرول کی قیمت 4.34 روپے اور ڈیزل کی 3.91 روپے فی لیٹر بڑھ چکی ہے ۔