نئی دہلی ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیرتیل دھرمیندر پردھان نے بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے اثرات سے نمٹنے کیلئے ملک میں پٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکس میں کمی کے کسی امکان کو آج مسترد کردیا۔ واضح رہیکہ جولائی کے آغاز سے پٹرول کی قیمتوں میں اب تک 6 روپئے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ تیل کی تین سرکاری کمپنیوں نے ایندھن کی قیمتوں پر ہر ماہ کی پہلی اور 16 تاریخ کو نظرثانی کا طریقہ کار ختم کردیا ہے بجائے اس کے روزمرہ قیمت تعین کرنے کا طریقہ کار متعارف کیا گیا ہے۔ جولائی کے آغاز سے فی لیٹر پٹرول کی قمت میں تاحال 6.08 روپئے کا اضافہ ہوا ہے جس کے ساتھ ہی دہلی میں فی لیٹر پٹرول کی قیمت 69.12 روپئے ہوگئی ہے جو اگست 2014ء کے بعد سب سے زیادہ ہے۔