پٹرول اور ڈیزل پر اکسائیز ڈیوٹی میں فی لیٹر 2 روپئے کی کمی

نئی دہلی ۔ 3 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے شدید عوامی دباؤ کے آگے جھکتے ہوئے فی لیٹر پٹرول اور ڈیزل پر اکسائیز ڈیوٹی پر 2 روپئے کی کمی کی ہے تاکہ گزشتہ تین ماہ سے ان اشیاء کی قیمتوں میں ہونے والے مسلسل اضافہ کو کسی حد تک اعتدال میں رکھا جاسکے ۔ وزارت فینانس نے ٹوئیٹ کیا کہ ’’حکومت ہند نے فی لیٹر پٹرول اور ڈیزل (برینڈیڈ اور غیربرینڈیڈ) پر عائد بنیادی اکسائیز ڈیوٹی میں 2 روپئے کی کمی کی ہے جس پر 4اکتوبر 2017 ء سے اطلاق ہوگا ۔ چنانچہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تخفیف شدہ اکسائیز ڈیوٹی کے مطابق کل سے کمی ہوگی ۔ واضح رہے کہ حکومت گزشتہ تین سال سے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے اکسائیز ڈیوٹی میں اضافہ کررہی تھی تاہم جولائی کے اوئیل سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود اکسائیز ڈیوٹی میں کمی نہ کرنے پر حکومت کو مختلف گوشوں سے سخت مذمت کا سامنا تھا ۔
جولائی کے اوائیل سے تاحال فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں 7.8 روپئے اور ڈیزل کی قیمت میں 5.7 کا بھاری اضافہ ہوا ہے ۔