نئی دہلی، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج فی لیٹر پٹرول پر 37 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل پر دو روپئے اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کردیا۔ دو ہفتوں کے دوران اکسائز ڈیوٹی میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ جس سے حکومت کو 4,400 کروڑ روپئے کی زائد آمدنی ہوگی۔ لیکن اس اضافہ کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا کیوں کہ رٹیل شعبہ میں ایندھن سربراہ کرنے والی سرکاری تیل کمپنیوں نے بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں یکم جنوری کو ہونے والی کمی کا اپنے صارفین کو مکمل فائدہ نہیں پہنچایا تھا۔ اس اضافہ کے ساتھ فی لیٹر پٹرول پر اکسائز ڈیوٹی اب 7.36 روپئے سے بڑھ کر 7.73 روپئے تک پہنچ گئی ہے۔ فی لیٹر ڈیزل پر عائد اکسائز ڈیوٹی 5.83 روپئے سے بڑھ کر 7.83 روپئے تک پہونچ گئی ہے۔ اس اضافہ سے حکومت کو ڈیزل کی فروخت سے 4,300 کروڑ روپئے اور پٹرول سے 80 کروڑ روپئے کی زائد آمدنی ہوگی۔