پٹرول اور ڈیزل پراکسائز ڈیوٹی میں اضافہ ریٹیل قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں

نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج پٹرول اور ڈیزل پر اکسائز ڈیوٹی میں 2 روپئے فی لیٹر کا اضافہ کردیا لیکن پمپ پر ریٹیل قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ نومبر سے اکسائز ڈیوٹی میں یہ تیسرا اضافہ ہے جس سے جاریہ مالی سال کے باقی تین مہینوں میں حکومت کو مزید 6 ہزار کروڑ روپئے حاصل ہوں گے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھا کر حکومت اپنے خسارہ کی پابجائی کررہی ہے۔ کل تیل کمپنیوں نے ڈیزل اور پٹرول پر قیمتوں میں کمی سے گریز کیا تھا حالانکہ مئی 2009ء کے بعد دونوں ایندھنوں کی قیمت پست ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے متناسب اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ریٹیل قیمتوں پر کوئی اثر مرتب نہ ہو۔ دونوں ایندھنوں پر علی الترتیب پٹرول کی قیمت پر اکسائز ڈیوٹی میں 2.25 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل پر ایک روپیہ فی لیٹر اضافہ 12 اور 2 ڈسمبر سے کیا گیا تھا جس سے حکومت کو 17 ہزار کروڑ روپئے حاصل ہوئے تھے۔