پٹرول ، ڈیزل کی قیمت میں اضافہ

نئی دہلی، 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3.13 روپئے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 2.71 روپئے اضافہ کردیا گیا، جس پر آج نصف شب سے عمل درآمد ہورہا ہے۔ جاریہ ماہ دوسری مرتبہ فیول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔ قبل ازیں یکم مئی کو فی لیٹر پٹرول کی قیمت 3.96 روپئے اور فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 2.33 روپئے بڑھا دی گئی تھی۔ بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ اور امریکی ڈالر کے مقابل ہندوستانی روپیہ کی شرح مبادلہ میں کمی کے باعث یہ اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ قیمتوں پر نظرثانی کے بعد دہلی میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 63.16 روپئے سے 66.29 روپئے اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 49.57 روپئے سے 52.28 روپئے ہو جائے گی۔ مختلف ریاستوں میں متعلقہ ٹیکس کے ساتھ ایندھن کی قیمتیں مختلف ہوجائیں گی۔ اپوزیشن بالخصوص کانگریس نے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ
مودی حکومت کی پہلی سالگرہ کا تحفہ
نئی دہلی ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج ایک طنزیہ ریمارک میں کہا ہیکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو نریندر مودی حکومت کی پہلی سالگرہ کا تحفہ ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ پارٹی ترجمان آر پی این سنگھ نے کہا کہ ایک ماہ میں دوسری مرتبہ فیول کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ کردیا گیا جبکہ حکومت نے آج رات سے پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3.13 روپئے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 2.71 کا اضافہ کردیا ہے۔