پٹرول ،ڈیزل کی قیمت پر یومیہ نظرثانی جاری رہے گی: پردھان

نئی دہلی 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر تیل دھرمیندر پردھان نے آج کہاکہ دو ماہ میں پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 6.6 روپئے اضافہ کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر یومیہ نظرثانی جاری رہے گی۔ پردھان کو کل کابینی وزیر کے عہدہ پر ترقی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اُنھیں اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹر پرینئرشپ کی اضافی ذمہ داری بھی دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ روزانہ قیمتوں پر نظرثانی سے بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمت میں کمی کا راست فائدہ عوام کو ہوگا۔ اِس کے علاوہ بتدریج اضافے کے ذریعہ اُن پر ایک ساتھ بڑا بوجھ عائد کرنے سے گریز کیا جاسکے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایندھن کی قیمت میں روزانہ نظرثانی صارفین کے مفاد میں ہے۔ وہ نہیں سمجھتے کہ اِس میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ دھرمیندر پردھان نے آج بحیثیت وزیر اسکل ڈیولپمنٹ اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد میڈیا کو یہ بات بتائی۔ واضح رہے کہ دو ماہ میں پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 6.6 روپئے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4.02 روپئے اضافہ کا غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور یہ اگسٹ 2014 ء سے اب تک کا سب سے زیادہ اضافہ ہے۔