بند میں حصہ نہ لینے والی سیاسی جماعتیں ملک کے غدار متصور، ڈاکٹر کے نارائنا قومی سکریٹری سی پی آئی کا بیان
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) ملک بھر میں پٹرولیم اشیاء ڈیزل، پٹرول اور پکوان گیس کی قیمتوں میں ہر روز اندھا دھند اضافہ کے خلاف کانگریس و دیگر پارٹیوں کی جانب سے 10 ستمبر کو منظم کئے جانے والے ’’بھارت بند‘‘ پروگرام کو کامیاب بنانے کی قومی سی پی آئی نے پرزور اپیل کی۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے قومی سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنا نے یہ بات کہی اور بتایا کہ مجوزہ بھارت بند پروگرام میں حصہ نہ لینے والی سیاسی جماعتیں ملک کے غدار تصور کئے جائیں گے۔ انھوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی، مجلس اور بی جے پی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ یہ تینوں سیاسی جماعتیں ایک ہی ذہنیت کی حامل ہیں۔ مجوزہ بند کو ملک گیر سطح پر مختلف پارٹیاں اپنی بھرپور تائید و حمایت کررہی ہیں۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے ملک میں کرنسی نوٹوں کی منسوخی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے معاشی نظام کو تباہ کردیا اور بالخصوص بڑی کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے موقع پر ملک کے مختلف مقامات پر 120 افراد کی اموات ہوئیں۔ لہذا ڈاکٹر نارائنا نے پرزور الفاظ میں کہاکہ نریندر مودی کے ساتھ ایسا ہی کیا جانا چاہئے۔ سکریٹری قومی سی پی آئی نے بی جے پی، تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور مجلس کو بظاہر ایک دوسرے کی مخالفتیں کرنے اور اندرونی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ سمجھوتہ کرنے والی پارٹیوں سے تعبیر کیا۔ انھوں نے مزید کہاکہ بی جے پی اتحاد کا سامنا کرنے کے لئے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی ۔ تلگودیشم پارٹی کے ساتھ ملکر انتخابات میں حصہ لینے کا اظہار کیا۔