آنند ( گجرات ) ۔ 2 ۔ فروری : (سیاست ڈاٹ کام ) : پٹاخوں کی دکان میں مہیب آتشزدگی کے باعث ایک شخص زندہ جل گیا اور دوسرا فرد شدید جھلس گیا ۔ ضلع انند کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سوراب سنگھ نے بتایا کہ ایک لائسنس یافتہ پٹاخوں کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس میں کام کرنے والا ایک ورکر زندہ جل گیا جب کہ دوسرا شخص بھی شدید زخمی ہوگیا ۔ اگرچیکہ اس حادثہ کی وجہ سے شارٹ سرکیوٹ تصور کی جارہی ہے لیکن فارنسک سائنس لیباریٹری کے ماہرین کی رپورٹ کے بعد ہی حقائق کا پتہ چلے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح پٹاخوں کی دکان میں کسی نے ٹی وی کا سوئچ چالو کردیا ۔ جہاں سے چنگاری نکل کر پٹاخوں کے زد میں آگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ یہ دکان ، کثیر آبادی والے علاقہ میں واقع تھی جس کی وجہ سے 5 گاڑیوں اور متصل دکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ نے پہنچکر تقریبا ایک گھنٹہ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔۔