نئی دہلی ۔ 5 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ایم نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کروڑوں روپیہ مالیہ تریپورہ ریاست میں پُرتشدد سرگرمیوں کیلئے بطور مالی امداد فراہم کررہے ہیں ۔ تریپورہ میں عنقریب انتخابات ہونے والے ہیں ۔ آئندہ سال کے اوائل میں انتخابات کا امکان ہے ۔ چنانچہ یہاں قبائلیوں اور غیرقبائلی گروپ کے درمیان تشدد کے واقعات دیکھے جارہے ہیں ۔ سی پی آئی ایم نے ’’تریپورہ ۔ عوام کیلئے اولین نمونہ ‘‘کے زیر عنوان ایک کتابچہ شائع کیا ہے جس میں ریاستی حکومت پر بی جے پی اور آر ایس ایس سے سازش کا الزام عائدکیا گیا ہے ۔