پوپ فرانسیس کی صدر فلسطین ‘ محمودعباس سے ملاقات

ویٹکن سٹی۔16مئی ( سیاست کام کام ) پوپ فرانسیس نے آج فلسطینی صدر محمود عباس سے تاریخی ملاقات کی اور انہیں ’’ امن کے فرشتہ ‘‘ کے لقب سے نوازا ۔ یاد رہے کہ صرف کچھ روز قبل ہی وٹیکن نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب پوپ فرانسیس نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ جلد ہی فلسطین کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کرنے والے ہیں ۔ اس اعلان سے اسرائیل برہم نظر آتا ہے ۔ دونوں کی ملاقات تقریباً 20منٹ جاری رہی ۔ فلسطین کی دو راہباؤں کو بھی وٹیکن کے ذریعہ سینٹ کا درجہ عطا کیا جائے گا اور اس طرح وٹیکن میں انسانیت کی خدمت کیلئے فلسطین کی دو راہباؤں کا پہلی بار اعزاز عطا کیا جائے گا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ ویٹکن کی جانب سے فلسطین کو بحیثیت ایک ملک دو سال قبل ہی تسلیم کرلیا گیا تھا لیکن آج پوپ فرانسیس کے اس بیان نے کہ وہ فلسطین کے ساتھ جلد ہی ایک تاریخی معاہدہ پر پہلی بار دستخط کریں گے ‘ اسرائیل کی نیندیں اڑا دی ہیں ۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ مذکورہ معاہدہ پر محمود عباس کے دورہ کے دوران ہی دستخط کئے جائیں گے ۔