برسبین۔16نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج صدر روس ولادیمیر پوٹن پر شدید تنقید کی کہ وہ یوکرین میں جنگ بندی معاہدہ پر عمل نہیں کررہے ہیں ‘ مسلسل خلاف ورزی کی وجہ سے صورتحال نازک ہوگئی ہے ۔ انہوں نے یوکرین میں بہتری لانے کیلئے مختلف اُمور پر غور کیا لیکن کوئی نیا منصوبہ نہیں پیش کیا ہے ۔اوباما نے جی 20کانفرنس کے موقع پر یوروپی یونین کے قائدین سے تفصیلی بات چیت کی اور اس جنگ زندہ ملک میں امن کی بحالی پر زور دیا ۔ روس پر مزید تحدیدات نافذ کرنے کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے اوباما نے کہا کہ امریکہ اور یوروپی یونین مزید پابندیاںعائد کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہیں لیکن اس مرحلے پر ہم نے اب تک جو کچھ تحدیدات عائد کئے ہیں وہ قابل عمل ہے ۔ بین الاقوامی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ہم اپنے موقف کو سخت بنائے ہوئے ہیں ۔