ماسکو۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرائن کے معاملے میں مغربی ممالک پر شدید تنقید کی ہے، تاہم انہوں نے کہا ہے کہ روسی حکومت امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ اسلامک اسٹیٹ کے معاملے پر تعاون کیلئے تیار ہے۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں پوٹن نے کہا کہ ماسکو حکومت ایران جوہری تنازعے اور شامی خانہ جنگی کے پرامن حل چاہتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس رواں برس فروری میں یوکرائن میں قیام امن کیلئے طے پانے والے مِنسک معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا بھی خواہاں ہے۔