پوٹا قانون کی تنسیخ پر سابق یو پی اے حکومت پر سخت تنقید

ہردوار 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابقہ یو پی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ یو پی اے نے اقتدار پر آتے ہی موثر انسداد دہشت گردی قانون کو منسوخ کردیا تھا جبکہ نریندر مودی حکومت کے اولین نشانوں میں یہ کام شامل ہے کہ وہ بیرون ملک پوشیدہ رکھی گئی ہندوستان کی دولت کو وطن واپس لائے ۔ امیت شاہ نے بی جے پی صدارت سنبھالنے کے بعد اترکھنڈ کے اپنے پہلے دورہ کے موقع پر کہا کہ اس سے دونوں حکومتوں کے کردار میں فرق کو محسوس کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کابینہ کے اولین تجاویز میں اس کو منظوری دی گئی کہ ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے جو بیرون ملک پوشیدہ رکھی گئی ہندوستانیوں کی دولت کو واپس لایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے نے اپنی پہلی معیاد کے دوران جو پہلا کام کیا وہ یہ تھا کہ اس نے ایک موثر انسداد دہشت گردی قانون پوٹا کو منسوخ کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے اقتدار کے اولین 100 دنوں میں کئی قابل تعیرف کام کئے ہیں جن میں صفائی پر توجہ بھی شامل ہے ۔ حکومت لڑکیوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے

اور گنگا کو صاف کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ نو تعمیر شدہ سیوا سدن کا افتتاح انجام دینے کے بعد امیت شاہ نے یوگا گرو رام دیو کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے لوک سبھا انتخابات سے قبل حکومت کے خلاف کرپشن کے مسئلہ پر جو ملک گیر مہم چلائی تھی اس کا بھی بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے میں اہم رول رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابا رام دیو نے مرکز میں نریندر مودی حکومت کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے یوگا اور آیور وید کو بین الاقوامی سطح پر ترقی دینے اور مقبول بنانے میں حکومت کی ہر ممکن مدد کا تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سارا ملک جانتا ہے کہ یوگا گرو نے کرپشن کے خلاف زبردست جدوجہد کی تھی ۔ یہی وجہ تھی کہ اس وقت کے حکمرانوں نے ان کے خلاف مقدمات درج کئے تھے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ اس ملک میں اچھائی اور برائی کے خلاف لڑائی میں کچھ بھی نیا نہیں ہے انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں برائی پھیلتی ہے وہاں اچھائی بھی آجاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رام دیو نے ملک میں کرپشن اور جمہوری اقدار کو خطرات کے خلاف جدوجہد کی تھی ۔