حیدرآباد 29 مارچ ( آئی این این ) کریمنگر کے رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے کانگریس کے خلاف جنا سینا پارٹی لیڈر پون کلیان کے ریمارکس کی مذمت کی ہے اور انہیں غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے ۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ پون کلیان ‘ بنیادی معلومات کے بغیر سیاسی بیانات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی وزارت عظمی امیدوار کی تائید کرنے پر بھی پون کلیان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی رائے دہندوں میں الجھن پیدا کرنے کیلئے پون کلیان کو استعمال کر رہی ہے ۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ پون کلیان نے غیر قانونی دولت جمع کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ وہ ان کے اثاثہ جات اور انکم ٹیکس ریٹرنس کے تعلق سے تفصیلات معلوم کرنے کے بعد ان کے خلاف مقدمہ دائر کرینگے ۔ پونم پربھارکر نے ٹی آر ایس لیڈر چندر شیکھر راؤ پر بھی تنقید کی اور انہیں موقع پرست قرار دیا ۔