حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج پون کلیان کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کے تعلق سے دئیے گئے بیان کی سخت مذمت کی اور کہا کہ یہ غیر ضروری اور بے بنیاد ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان کرشنا ساگر راؤ نے الزام عائد کیا کہ پون کلیان ایک سیاسی موقع پرست شخص ہیں اور وہ ایک تیار لہر سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان میں سنجیدگی کا فقدان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پون کلیان ایک پارٹ ٹائم سیاست دان ہیں جو پریس کانفرنسیس اور ٹوئیٹر کے ذریعہ اپنی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں ۔ وینکیا نائیڈو کے خلاف ان کے شخصی بیانات سے ان کا دیوالیہ پن ظاہر ہوتا ہے ۔۔