پون کلیان کی پارٹی انتخابات سے قبل میک اپ بعد انتخابات پیک اپ

حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ جاگرتی کے صدر کویتا نے فلمسٹار پون کلیان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے جنا سینا کے قیام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پون کلیان کی پارٹی انتخابات سے قبل ’’میک اپ‘‘ اور انتخابات کے بعد ’’پیک اپ‘‘ کرنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں کو گمراہ کرنے کے مقصد سے پون کلیان نے پارٹی قائم کی اور ان کی نظریں سیما آندھرا کے ساتھ تلنگانہ علاقوں پر ہیں تاکہ ٹی آر ایس کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بند سازش کے تحت پون کلیان میدان میں آئے ہیں اور وہ بی جے پی اور تلگو دیشم کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ جاگرتی نے کہا کہ کسی سیاسی تجربہ کے بغیر پون کلیان عوام کی خدمت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ فائیو اسٹار ہوٹل میں قائم کی جانے والی پارٹی کیا عوامی خدمت انجام دیں گی؟ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے عوام کے درمیان رہ کر پارٹی قائم کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک پون کلیان نے مختلف مسائل پر اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے۔ کویتا نے کہا تلنگانہ عوام باشعور ہیں اور وہ اس طرح کے فلمسٹارس کے دھوکہ میں آنے والے نہیں۔ تلنگانہ میں عوام کی پہلی پسند ٹی آر ایس ہے اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس ہی برسر اقتدار آئے گی ۔ کویتا نے کہا کہ پون کلیان ایک طرف انقلابی فنکار غدر کی تائید کر رہے ہیں اور دوسری طرف چندرا بابو نائیڈو کے حامی ہیں، حالانکہ چندرا بابو نائیڈو حکومت کے دور میں غدر پر فائرنگ کی گئی تھی۔ انہوں نے اسے دوہرا معیار قرار دیا اور کہا کہ عوام انتخابات میں فلمسٹارس کی خواہش کے مطابق نہیں بلکہ اپنی پسند کے مطابق امیدواروں کو منتخب کریں گے۔