احمد آباد 21 مارچ ( پی ٹی آئی ) تلگو اداکار و جنا سینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان نے ‘ جو کانگریس لیڈر چرنجیوی کے بھائی ہیں ‘ آج چیف منسٹر گجرات نریندر مودی سے ملاقات کی اور وزارت عظمی امیدوار کیلئے ان کی تائید کا اعلان کیا ۔ پون کلیان نے حال ہی میں جنا سینا پارٹی قائم کی ہے ۔ تاہم انہوں نے سیما آندھرا میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے تعلق سے کچھ بھی نہیں کہا ہے ۔ پون کلیان نے نریندر مودی سے گاندھی نگر میں ان کے دفتر پر ملاقات کی ۔ پون کلیان نے ملاقات کے بعد کہا کہ نریندر مودی وزیر اعظم بننے کے اہل ہیں اور وہ اور ان کی پارٹی مودی کی تائید کرتے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا وہ اپنی ریاست میں بی جے پی کی تائید میں مہم چلائیں گے پون کلیان نے کہا کہ وہ مودی کی تائید کر رہے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ بی جے پی کی تائید کر رہے ہیں۔ انہوں نے تاہم یہ کہنے سے گریز کیا کہ ان کی پارٹی انتخابات سے قبل بی جے پی سے اتحاد کریگی ۔ انہوں نے اس سوال کا بھی جواب دینے سے گریز کیا کہ انہوں نے اور ان کے بھائی کے چرنجیوی نے کیوں اپنے سیاسی راستے الگ الگ کرلئے ہیں۔ پون کلیان نے کانگریس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے نعرہ کے ساتھ 14 مارچ کو اپنی پارٹی قائم کی تھی ۔